ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آسارام کی صحت مستحکم ہے :ڈاکٹروں کی ٹیم 

آسارام کی صحت مستحکم ہے :ڈاکٹروں کی ٹیم 

Tue, 04 Oct 2016 12:07:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹروں کے بورڈ نے آج سپریم کورٹ کو مطلع کیا کہ خود ساختہ مذہبی رہنما آسارام باپو کی صحت مستحکم ہے۔جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس این وی رمن کی بنچ کے سامنے داخل رپورٹ میں 7 رکنی بورڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ عصمت دری کے ملزم آسارام نے کئی ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار(آسارام) کی صحت کی تشخیص کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ ان کی صحت مستحکم ہے۔تاہم ان کے دل کے شریانوں،گلے کے شریانوں اور قوت مردانگی کے بارے میں تشخیص نامکمل رہی کیونکہ درخواست گزار نے ان کا ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔عدالت عظمی کی ہدایت پر آسارام کا 19، 20اور 21؍ستمبر کو ٹیسٹ کرنے کے بعد یہ رپورٹ تیار کی گئی تھی۔بنچ نے اس معاملے کو اب آگے کی سماعت کے لیے 17؍اکتوبر کے لیے درج کیا ہے۔عدالت عظمی نے 11؍اگست کو عصمت دری کے معاملے میں ملزم آسارام کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کرنے کے ساتھ ہی ملزم کی باقاعدہ ضمانت کے لیے درخواست پر غور سے پہلے ایمس کو ڈاکٹروں کا ایک بورڈ قائم کرکے آسارام کی صحت کی صورت حال سے آگاہ کرانے کی ہدایت دی تھی۔آسارام کو جودھپور پولیس نے 31؍اگست 2013کو گرفتار کیا تھا اور تبھی سے وہ جیل میں ہے۔ایک نابالغہ نے آسارام پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے جودھپور کے قریب واقع منائی گاؤں میں بنے آشرم میں اس کا جنسی استحصال کیا تھا۔یہ لڑکی اتر پردیش کے شاہ جہاں پور کی رہنے والی طالبہ ہے جو آشرم میں ہی رہتی تھی۔


Share: